حسن اخلاق ؛حُسنِ اخلاق کیا ہے؟ - نبی ﷺ نے بہترین مسلمان کی پہچان کیا بتائی؟
یوں تو ہمارے لیڈر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا ہر لمحہ مبارک اور قابلِ رسک ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر ادا دل موہ لیتی ہے، آپ کا ہر عمل انسانیت کے لیے بہترین سرمایہ ہے المختصر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کا ہر پہلو عظمت و حکمت سے بھرا پڑا ہے۔ مگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حسنِ اَخلاق پر بہت زور دیا دوسرے الفاظ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کا نچوڑ حسنِ اَخلاق ہے
اسلام میں تمام تر عبادات کا اپنا مقام ہے، نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج اسلام کے بنیادی ستون ہیں، لیکن اگر ان عبادات کے ساتھ حُسنِ اخلاق نہ ہو تو یہ عبادات بھی بے جان جسم کی طرح ہیں۔ حُسنِ اخلاق دراصل اسلام کی روح ہے۔
لفظ "حُسنِ اخلاق" کا مطلب ہے اچھے اخلاق، یعنی انسان کا کردار، اس کی بات چیت، اس کا لین دین، غصے میں اس کا رویہ، خوشی میں اس کا برتاؤ، یہ سب مل کر اس کے اخلاق کہلاتے ہیں۔
قرآن میں حُسنِ اخلاق کا مقام:
اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں اپنے محبوب نبی ﷺ کے اخلاق کی گواہی ان الفاظ میں دی:
*"وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيمٍ"* (سورہ القلم: 4)
ترجمہ: اور بے شک آپ اخلاق کے بہت بڑے مرتبے پر ہیں۔
یعنی اللہ نے آپ ﷺ کی نمازوں یا روزوں کی نہیں، بلکہ آپ کے اخلاق کی تعریف کی ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ اخلاق کی اہمیت کتنی زیادہ ہے۔
ایک اور جگہ اللہ فرماتا ہے:
*"فَبِمَا رَحْمَةٍ مِّنَ اللَّهِ لِنتَ لَهُمْ ۖ وَلَوْ كُنتَ فَظًّا غَلِيظَ الْقَلْبِ لَانفَضُّوا مِنْ حَوْلِكَ"* (آل عمران: 159)
اگر آپ سخت دل ہوتے تو لوگ آپ کے پاس سے بھاگ جاتے۔
نبی ﷺ نے بہترین مسلمان کی پہچان کیا بتائی؟
ہمارے نبی ﷺ نے فرمایا:
"إِنَّ مِنْ خِيَارِكُمْ أَحْسَنَكُمْ أَخْلَاقًا"
ترجمہ: تم میں سے بہترین وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہیں۔
یعنی بہترین مسلمان وہ نہیں جس کے پاس سب سے بڑا گھر ہے، یا سب سے زیادہ ڈگریاں ہیں، بلکہ بہترین وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہیں۔
ایک اور حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا:
"بُعِثْتُ لِأُتَمِّمَ مَكَارِمَ الْأَخْلَاقِ"
مجھے اس لیے بھیجا گیا ہے تاکہ میں اچھے اخلاق کو مکمل کر دوں۔
آپ ﷺ سے پوچھا گیا کہ جنت میں لے جانے والی سب سے زیادہ چیز کیا ہے؟ تو آپ نے فرمایا:
"تقویٰ اور حُسنِ اخلاق"
قیامت کے دن میزان میں سب سے بھاری چیز کیا ہوگی؟ نبی ﷺ نے فرمایا:
"حُسنِ اخلاق سے بھاری کوئی چیز میزان میں نہیں ہوگی"
سوچیں! انسان ساری زندگی نمازیں پڑھتا ہے، روزے رکھتا ہے، لیکن قیامت کے دن اس کے نامہ اعمال میں سب سے بھاری چیز اس کا اچھا اخلاق ہوگا۔
حُسنِ اخلاق کی مثالیں کیا ہیں؟
- سچ بولنا، چاہے نقصان ہی کیوں نہ ہو
- وعدہ پورا کرنا
- کسی کو تکلیف نہ دینا، نہ زبان سے نہ ہاتھ سے
- چھوٹوں پر شفقت اور بڑوں کا ادب
- معاف کر دینا، بدلہ نہ لینا
- کسی کی غیبت نہ کرنا
- چہرے پر مسکراہٹ رکھنا
ہمارے نبی ﷺ کا اخلاق ایسا تھا کہ آپ کبھی کسی کو برا بھلا نہیں کہتے تھے۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے 10 سال نبی ﷺ کی خدمت کی، آپ نے کبھی مجھے اف تک نہیں کہا۔
*اخلاقی سبق:*
اس مضمون سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم اگر چاہتے ہیں کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ ہم سے راضی ہوں، تو ہمیں اپنی عبادات کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ لوگ آپ کی نماز کو نہیں دیکھتے، وہ آپ کا اخلاق دیکھتے ہیں۔ اگر آپ کا اخلاق اچھا ہے تو آپ اسلام کی بہترین تبلیغ کر رہے ہیں۔ یاد رکھیں، اچھا اخلاق کسی دکان سے نہیں ملتا، یہ روزانہ کی مشق سے پیدا ہوتا ہے۔ آج سے نیت کریں کہ ہم کسی کو دکھ نہیں دیں گے اور ہر کسی سے مسکرا کر ملیں گے۔
لکھاری: یوسف ارحم

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں