عورتوں کی ڈرائیونگ اور رائڈنگ

 


اس سکوٹی کی حالت دیکھ کر آپ اس پر سوار دو طالبات بیٹیوں کی حالت کا اندازہ لگا سکتے ہیں، 😭

یہ منظر صرف ایک حادثہ نہیں بلکہ ہمارے معاشرتی نظام کی غفلت کا نوحہ ہے۔ 

دیکھیں، سکوٹی کیا چیز ہے؟ پلاسٹک کا ایک نازک سا کھلونا، جسے ہم نے اپنی بہنوں، بیٹیوں، بچوں اور گھر کی خواتین کے حوالے کر دیا ہے۔ وہ اعتماد یا مجبوری میں اسے لے کر بڑی شاہراہوں پر نکل آتی ہیں، جہاں نہ اُنہیں ٹریفک کے اصولوں کی سمجھ ہوتی ہے، نہ رفتار کا احساس، اور نہ ہی ان سڑکوں کے بے ہنگم اور اس پر موجود بے رحم معاشرے کے مزاج کا اندازہ۔

 مین روڈ پر آنے سے پہلے ہر خاتون، چاہے وہ طالبہ ہو یا ملازمت پیشہ، کم از کم ایک سے دو ماہ اپنے کسی بھائی، والد یا مستند لیڈی انسٹرکٹر سے مکمل ٹریننگ لے۔ کیونکہ ڈرائیونگ صرف ہاتھ اور توازن کا کھیل نہیں، بلکہ ایک مکمل سائنس ہے۔ کہاں رفتار بڑھانی ہے، کہاں کم کرنی ہے، فاسٹ لائن کون سی ہے اور سلو لائن کون سی، اوور ٹیک کہاں اور کس رفتار سے کرنا ہے، کب صبر سے کام لینا ہے، ہیلمٹ اور سائیڈ ویو مرر کا استعمال کیسے کرنا ہے یہ سب وہ بنیادی باتیں ہیں جو جان بچاتی ہیں۔

پاکستان کی سڑکیں اس وقت دنیا کے منظم ٹریفک سسٹم سے کوسوں دُور ہیں۔ یہاں کوئی اصول، کوئی نظم، کوئی احساس باقی نہیں۔ یہاں ٹریفک پولیس کا بنیادی کام پروٹوکول کی ڈیوٹی دینا یا پھر چلان کے ٹارگٹ پورے کرنا ہے۔

یہاں سڑکوں پر پتہ نہیں کب کہاں سے کوئی رکشہ، کوئی لوڈر رکشہ، کوئی چنگ چی، کوئی گدھا گاڑی ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑا کر آپکا بیڑہ غرق کردے اور پھر غربت کی چادر بچھا کر لوگوں کی ہمدردی سمیٹتا آپکو اپنے جانی و مالی نقصان کے ساتھ اکیلا حیران پریشان چھوڑ کر چلتا بنے، یہاں نہ جانے کب کوئی جوش جوانی میں بدمست موٹرسائیکل پر سوار جوان، یا پھر کسی نودولتیے کی نشے میں دھت اولاد سڑک کو اپنے والد محترم کی جاگیر اور اس پر رواں دواں جیتے جاگتے انسانوں کو اپنا زر خرید ملازم سمجھتے ہوئے انہیں روندتے ہوئے صاف بچ نکلے۔ 

تو ایسے ماحول میں تو تجربہ کار ڈرائیور بھی دوسروں کی غلطیوں کی سزا بھگت لیتے ہیں، پھر ناتجربہ کار خواتین تو بہت زیادہ خطرے میں ہوتی ہیں۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ہر شہر میں خواتین کے لیے سکوٹی اور موٹر سائیکل کی باقاعدہ ٹریننگ سینٹرز قائم کرے، تاکہ وہ اعتماد اور ذمہ داری کے ساتھ سڑک پر آ سکیں۔

سڑک صرف رفتار کی جگہ نہیں، بلکہ احساسِ ذمہ داری، صبر اور احتیاط کا امتحان ہے۔ اللہ تعالیٰ ہماری ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، اور ہم سب کی جانوں کی حفاظت فرمائے۔ آمین۔

والسلام 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Designed By SuFi LaB
...
...