ایسا ہے میرا پاکستان

 



*پاکستان میں مشکلات ہیں* 

 لیکن اسی پاکستان میں لوگ ایک دوسرے کو پانی پلانے کھڑے رہتے ہیں۔

راستے میں گاڑی رک جائے تو اجنبی دھکا لگانے اُتر آتے ہیں۔

کسی کے گھر دکھ ہو تو محلے بھر کی عورتیں دلاسہ دینے دوڑتی ہیں۔

یہ مٹی مشکل ضرور دیتی ہے۔

مگر انسان بھی ایسے دیتی ہے جو دکھ میں آپ کا ہاتھ تھام لیتے ہیں۔

اسی ملک میں آپ کو ایسے لوگ بھی ملیں گے

جو آپ کو بارش میں اپنی چھتری کے نیچے جگہ دے دیتے ہیں۔ جو مسکراتے ہوئے کہتے ہیں چلو بہن میں چھوڑ دیتا ہوں راستہ مشکل ہو جائے گا۔

یہاں وہ دکاندار بھی ہیں جو بچے کے ہاتھ میں کم پیسہ دیکھ کر کہتے ہیں

چل بیٹا اتنے ہی دے دے باقی کبھی اور۔

یہاں رکشے والے بھی ملتے ہیں

جو راستہ سن کر کہتے ہیں بیٹی تُو بیٹھ باقی اللہ دے دے گا

یہاں ایسے دل بھی ہیں

جو کسی غریب کے دروازے پر چپکے سے راشن رکھ کر آ جاتے ہیں

تاکہ اس کی عزت بھی بچے اور پیٹ بھی بھر جائے۔

یہاں ایسے خاندان ہیں جو محرم ہو یا غیر محرم

مشکل میں کسی کو اکیلا نہیں چھوڑتے۔

یہاں اسکول کے باہر کھڑی وہ عورتیں بھی ہیں جو دوسرے کے بچے کو بھی اپنا بچہ سمجھ کر سنبھالتی ہیں۔

یہاں محلے کا وہ بزرگ بھی ہے

جو ہر رات بچوں کے سر پر ہاتھ رکھ کر دعا دیتا ہے

کہ اللہ برکت دے، مشکلیں آسان کرے

یہاں گلیوں کی وہ بہنیں بھی ہیں

جو کسی لڑکی کو اداس دیکھیں تو فوراً پوچھ لیتی ہیں،

سب خیر تو ہے؟ آؤ بیٹھو دل ہلکا کر لو۔

یہاں وہ دوست بھی ملتے ہیں

جو اپنا آخری نوٹ تک بانٹ دیتے ہیں

اور کہتے ہیں

یار پیسے تو آ جاتے ہیں، خود تکلیف میں نہ رہا کرو۔

یہاں وہ ماں بھی ہے

جو خود بھوکی رہ کر بچوں کو کھانا دیتی ہے

اور وہ باپ بھی

جو اپنی خواہشیں قربان کرکے اولاد کی ضروریات پوری کرتا ہے۔

یہ وہ ملک ہے جہاں لوگ کھوئی ہوئی چیز اس لیئے اٹھا لیتے ہیں

کہ مالک آ کر واپس لے جائے۔

جہاں نمازی صف میں جگہ بنانے کے لیئے آگے سرک جاتے ہیں۔

جہاں جنازے پر سب کام چھوڑ کر اکٹھے ہو جاتے ہیں۔

جہاں بیمار کے لیئے دوائیں نہیں دعائیں پہلے دی جاتی ہیں۔


یہاں دل بڑے ہیں اور ہاتھ اکثر خالی ہونے کے باوجود کھلے رہتے ہیں۔


پاکستان میں مشکلات ہیں لیکن اسی پاکستان میں ایسی روشنی بھی ہے

جو انسانوں سے نکل کر انسانوں تک پہنچتی ہے۔ یہ وہ مٹی ہے جو گرنے نہیں دیتی اور یہ وہ لوگ ہیں جو مشکلوں کے بیچ بھی امید بانٹتے ہیں۔


زندگی بری نہیں ہے بس کبھی کبھی ہمیں اچھے لوگ نظر آنے میں دیر ہو جاتی ہے۔ وہ لوگ آج بھی موجود ہیں اسی زمین پر، اسی ہواؤں میں، اسی پاکستان میں۔

بےمثال تحاریر 

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے

Designed By SuFi LaB
...
...